25 جنوری 2011 - 20:30

نشتر پارک میں مجلس کے بعد جلوس برآمد ہوا، شرکاء نے لائٹ ہاؤس پر دھرنا دیا / مختلف تنظیموں کے زیر اہتمام نمائش اور اس اطراف میں استقبالیہ و طبی کیمپ لگائے گئے۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق کراچی -- حضرت امام حسین علیہ السلام و دیگر شہدائے کربلا کا چہلم نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا. مرکزی جلوس شاہ نجف مارٹن کوارٹرز سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا نشتر پارک پہنچا جہاں مرکزی مجلس ہوئی جس سے ممتاز عالم دین مولانا شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا. بعد مجلس نشتر پارک سے علم و ذوالجناح کا مرکزی جلوس برآمد ہوا جس کی قیادت بوتراب اسکاؤٹس نے کی. مرکزی جلوس کے شرکاء نے ایم ای جناح روڈ پر امامبارگاہ علی رضا (ع) کے سامنے نماز ظہرین ادا کی. اس موقع پر آئی ایس او کے زیر اہتمام سانحہ عاشورا و اربعین اور کربلا بم دھماکوں کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا اور حکومت سے سانحہ عاشورا و اربعین کے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا. جلوس کے شرکاء نے لائٹ ہاؤس پر یوم عاشور کے شہداء کی یادگار پر بھی دھرنا دیا. مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں پرانی نمائش، ایم ای جناح روڈ، امپریس مارکیٹ، ریگل چوک، ریڈیو پاکستان، دینسو ہال، لائٹ ہاؤس اور بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا حسینہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوا. اس موقع پر مختلف تنظیموں کے زیر اہتمام پرانی نمائش اور اس کے اطراف میں استقبالیہ و طبی کیمپ لگائے گئے۔حجت الاسلام سید شہنشاہ حسین نقوی نے نشتر پارک میں عزاداران امام حسین علیہ السلام سے خطاب کرتے ہوئے کہا: حضرت امام حسین (ع) عقیدہ توحید کی بقاء کی خاطر باطل کے خلاف قیام کیا. شہنشاہ حسین نقوی نے  کہا کہ حضرت امام حسین (ع) کی شہادت رہتی دنیا تک بلاتفریق رنگ و نسل انسانیت کی رہنمائی کرتی رہے گی. انھوں نے حکومت پاکستان کے رویئے کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ملت جعفریہ کے نوجوانوں کی بلا سبب گرفتاری، جیل اورانتظامیہ کا تشدد لمحہ فکریہ ہے یہ ادارے اپنی نااہلی چھپانے کے لئے ہمارے بے گناہ نوجوانوں کوگرفتار کرتے ہیں۔ اس موقع پر آئی ایس او کے اہلکاروں نے تعلیمی اداروں میں دہشت گردی، کربلا میں دھماکوں اور شہر میں جاری ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او کے رہنما برادر محمد علی نے امریکی اور صہیونی قوتوں کو پاکستان میں دہشت گردی کا ذمہ دار ٹہراتے ہوئے کہا: تعلیمی اداروں میں اگر دہشت گرد پنپتے رہے تو نظام تعلیم ختم ہو کر رہ جائے گا۔ انھوں نے امریکا اور اسرائیل کو ملت اسلامیہ کا سب سے بڑا دشمن بتاتے ہوئے کہا: امت مسلمہ کو ان طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہونا پڑے گا۔......./110